کرونا بے قابو، چین میں مزید 42 افراد زندگی ہار گئے، امریکہ میں دوسری ہلاکت کی تصدیق

Last Updated On 02 March,2020 10:06 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں مزید 42 افراد زندگی ہار گئے، اموات دو ہزار 912 ہو گئیں، ایران میں بھی جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 54 ہو گئی، امریکا میں دوسری ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا کے مریضوں میں شرح اموات صرف دو سے پانچ فیصد ہے۔سعودی عرب میں کرونا وائرس کا پہلا مریض سامنے آ گیا

چین میں کرونا سے مزید 42 ہلاکتیں، چینی حکام کے مطابق نوے فیصد ہلاکتیں صوبہ ہبئی میں ہوئی ہیں۔ دنیا بھر میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد تین ہزار ہو چکی ہے۔ امریکا میں کرونا وائرس سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔

جنوبی کوریا میں کرونا کے مزید پانچ سو مریض سامنے آ گئے جس کے بعد کرونا کے شکار افراد کی تعداد چار ہزار ہو گئی جبکہ چار مزید ہلاکتوں کے بعد جنوبی کوریا میں کرونا سے مرنے والوں کی تعداد بائیس تک جا پہنچی۔ ایران میں کرونا سے ہلاکتیں 54 سے زائد جبکہ اٹلی میں تیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ادھر آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں بھی ایک ایک شخص ہلاک ہو گیا، نیوزی لینڈ میں بھی کرونا کا مرض سامنے آ گیا تاہم عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کرونا کے مریضوں میں شرح اموات صرف دو سے پانچ فیصد ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق وائرس 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو زیادہ شکار کرتا ہے یا ایسے لوگ جن کی صحت پہلےسے خراب ہو۔ عالمی ادارہ صحت نے اپیل کی ہے کہ تمام ممالک کرونا وائرس کے مریضوں کے لیے بڑی تعداد میں وینٹی لیٹرز تیار رکھیں اور آکسیجن سسٹم کی دستیابی یقینی بنائیں۔

دوسری طرف سعودی عرب کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا ہے، مریض بحرین کے راستے ایران سے سعودی عرب آیا ہے۔