او آئی سی ہیومن رائٹس کمیشن کا کشمیر کی صورتحال پر اظہار تشویش

Last Updated On 04 September,2019 09:58 am

لاہور: (ویب ڈیسک) او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد ایک ماہ سے جاری کرفیو اور وادی کے دنیا سے رابطے منقطع کرنے پر بھارتی فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن (آئی پی ایچ آر سی) نے مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو کی سخت مذمت کی ہے اور بھارتی حکومت کو کہا ہے کہ جلد سے جلد کرفیو ختم کیا جائے۔

 

خبر رساں ادارے کے مطابق 5 اگست کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی اور کرفیو لگا دیا جو ایک ماہ سے جاری ہے، جس کی وجہ سے انسانی بحران سر اٹھانے کا خدشہ ہے، ادویات ناپید ہیں، ہسپتال سنسنان ہیں، تعلیمی ادارے ویران ہیں، سڑکوں پر ہو کا عالم ہے۔ بھارتی بربریت کے بعد پوری وادی فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کر رہی ہے۔ اطلاعات تک رسائی نہیں، اخبارات بند ہیں۔

 

یہ بھی پڑھیں: یواین قراردادوں کے مطابق کشمیرکی حیثیت تسلیم کرتے ہیں: او آئی سی

پاکستان کی طرف سے بر وقت عالمی دنیا سے رابطے اور کشمیر کے ایشو کو اٹھانے کے بعد عالمی سطح پر ایک مرتبہ پھر آوازیں بلند ہونا شروع ہو گئی ہیں او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن نےبھارتی فیصلے پرمذمت کرتے ہوئے فوری طور پر مطالبہ کیا ہے کہ مودی سرکار جلد از جلد وادی سے کرفیو ختم کرے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق پوری وادی میں سکیورٹی حصار ہے، با اعتماد عالمی میڈیا بھی اس واقعہ کو بھرپور طریقے سے اُٹھا رہا ہے۔ 5 ہزار کے قریب کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، غیر قانونی طور پر سیاسی رہنماؤں کو بھی اسیر کیا جا چکا ہے۔

اسیران میں حریت سیاسی لیڈر سمیت بھارت نواز سیاسی رہنما بھی شامل ہیں۔ صحافیوں کو بھی گھروں اور جیلوں میں نظر بند کیا گیا ہے، انسانی حقوق کے کارکنوں پر جھوٹے الزامات کے تحت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈے کشمیریوں کے بنیادی حقوق متاثر کر رہے ہیں جو انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

تنظیم نے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور بدترین حالات کی تصویر دنیا کو دکھانے پر او آئی سی کے ہیومن رائٹس کمیشن کے پروڈیوسرز اور رپورٹرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

کمیشن نے او آئی سی کی جانب سے مسئلہ کو اٹھانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا کہ او آئی سی کی تنظیم بھارتی سرکار سے معاملے کو اٹھائے اور جنت نظیر میں جاری کرفیو کو فوری ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ کشمیری شہری آزادانہ زندگی گزار سکیں۔