چھٹیوں پر بھیجا گیا بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کہاں پہنچ گیا؟

Last Updated On 27 March,2019 12:22 pm

نئی دہلی (ویب ڈیسک) پاک فضائیہ کی جانب سے پکڑے جانے کے دو دن بعد رہائی پانے والے انڈین ائیرفورس کے پائلٹ ابھی نندن چھٹیوں پر چنائی میں اپنے گھر جانے کے بجائے سری نگر میں واقعہ اپنے سکواڈرن کے پاس پہنچ گئے ہیں اور بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ وہ واپس اپنی ڈیوٹی پر آنے کیلئے بے تاب ہیں۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق پاکستان کی قید سے رہائی پانے کے بعد بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز نے دو ہفتے تک ان کا چیک اپ کیا اور پاکستان میں گزرے وقت کا احوال جانا جس کے بعد وہ چار ہفتے کی چھٹیوں پر چلے گئے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ابھی نندن چھٹیوں پر اپنے گھر بھی جا سکتے تھے تاکہ والدین اور بیوی بچوں کیساتھ کچھ وقت گزار سکیں مگر انہوں نے سری نگر میں واقعہ اپنے سکواڈرن کے پاس پانے کو ترجیح دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چھٹیوں کی مدت ختم ہونے کے بعد ایک میڈیکل بورڈ ان کا معائنہ کرے گا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں واپس ڈیوٹی پر بھیجا جائے یا نہیں البتہ ابھی نندن کی خواہش ہے کہ وہ کاک پٹ میں واپس آئیں اور اپنے وطن کی حفاظت کا فرض نبھائیں۔

واضح رہے کہ 27 فروری کو بھارت کے دو طیاروں نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ نے انہیں مار گرایا جن میں سے ایک کا ملبہ مقبوضہ کشمیر اور دوسرے کا ملبہ آزاد کشمیر میں گرا اور پاک فوج نے ابھی نندن کو گرفتار کر لیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے دو روز بعد جذبہ خیرسگالی اور پوری دنیا کو امن کا پیغام پہنچانے کی خاطر ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا جس کے بعد واہگہ بارڈر کے راستے انہیں بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔