عراق : سپریم کورٹ نے انتخابی نتائج کی تصدیق کر دی

Last Updated On 20 August,2018 12:01 pm

بغداد (نیٹ نیوز ) عراق میں سپریم فیڈرل کورٹ کے سرکاری ترجمان ایاس الساموک نے اعلان کیا ہے کہ عدالت عظمی نے 12 مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان نے اپنے سرکاری بیان میں بتایا کہ یہ فیصلہ اتوار کی صبح منعقد ہونے والی عدالتی اجلاس میں ہوا۔ اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے تمام ارکان نے شرکت کی۔ تمام متعلقہ دستاویزات کا بغور جائزہ لینے کے بعد انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے ناموں کی تصدیق کے حوالے سے مکمل اتفاق رائے سامنے آ گیا۔

اس طرح وفاقی عدالت کی تصدیق کے بعد انتخابی نتائج کے حوالے سے تنازع ختم ہو گیا۔ اس تصدیق نے سیاسی گروپوں کے اتحادوں کے ذریعے حکومت کی تشکیل کی راہ ہموار کر دی ہے۔