ابوبکر البغدادی گزشتہ سال ہونے والے فضائی حملے میں زخمی

Published On 12 Feb 2018 05:48 PM 

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دہشتگرد تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو الرقہ میں فضائی حملے سے نشانہ بنایا گیا تھا، امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ وہ دوبارہ تنظیم کی کمان سنبھال سکتے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق دنیا کے سب سے مطلوب دہشتگرد اور شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی گزشتہ سال مئی میں ہونے والے فضائی حملے میں شدید زخمی ہو گئے تھے، انھیں شام کے شہر الرقہ میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس وقت متعدد مرتبہ ان کے ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات آئیں، تاہم اب دوبارہ کہا جا رہا ہے کہ البغدادی ہلاک نہیں بلکہ زخمی ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کی داعش پر گرفت کمزور ہوئی لیکن اگر وہ صحت مند ہو گئے تو دوبارہ تنظیم کی کمان سنبھال سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابوبکر البغدادی کے فضائی حملے میں زخمی ہونے کا گرفتار ہونے والے دولتِ اسلامیہ کے متعدد دہشتگردوں نے بتایا ہے۔ گرفتار دہشتگردوں کے بیانات کے مطابق ابوبکر البغدادی کی جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن وہ تنظیم کی کمانڈ کی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ اگر ابوبکر البغدادی کو فضائی حملے کے بعد آنے والے زخم جان لیوا نہیں تھے تو اس بات کا امکان ہے کہ وہ دوبارہ صحت یاب ہو کر داعش کی کمان سنبھال لیں گے۔