پیرس:(ویب ڈیسک) فرانس کے ایک سیاحتی مقام پر ایسی چیئر لفٹ نصب کی گئی ہے جو آلودہ پانی کو استعمال کر کے چلائی جا رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں صرف ایک ماڈل جو 50سال پرانا ہے ، وہ سوئٹرز لینڈ کے شہر فریبرگ میں ہے ، یہ ماڈل غیر معمولی اور منفرد اس لیے بھی ہے کیونکہ یہ گاڑی کو چلانے کیلئے پانی کا استعمال کرتا ہے جبکہ گندے پانی کو نکالنے کیلئے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اب ایسے ہی ماڈل کی لفٹ فرانس کے شہر سینٹ گرو میں متعارف کرائی گئی ہےجسے سیاحتی مقام پر نصب کیا گیا ہے، سیاحتی مقام کے اوپر والے حصے میں ایک ٹینک بنایا گیا ہے جسے گندے پانی سے بھرا جاتا ہے، یہی گندا پانی اسی لفٹ میں استعمال ہوتا ہے جو سیاحوں کو ایک جگہ سے دوسرے جگہ منتقل کرنے میں مدد کرتی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ میں مزید بتایا کہ لفٹ کے نیچے گندا پانی جمع کرنے کیلئے ذخیرہ ٹینک بھی بنایا گیا ہے جس کا گندا پانی لفٹ نقل وحمل کے دوران استعمال کرتی ہے،اس لفٹ کی خاص بات یہ بھی ہے کہ یہ پانچ سے چھ کلومیٹر کا فاصلہ صرف دو منٹ میں طے کرلیتی ہے۔
لفٹ انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ایسی لفٹ ایک طرف ماحول دوست اقدامات کیلئے مددگار دوسری جانب توانائی کی بچت کا بڑا ذریعہ ہے جبکہ کم وقت میں زیادہ فاصلے طے کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہے۔