میسی کے مداح کو فٹبال تھیم والا گھر بطور تحفہ پیش

Published On 21 March,2023 02:02 pm

کیرالہ: (ویب ڈیسک) دبئی میں مقیم بزنس مین نے بھارتی ریاست کیرالہ میں لیونل میسی کے مداح کو فٹبال کی تھیم والا گھر تحفے میں دے دیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق دو بیڈ روم والی رہائش گاہ نیلے اور سفید تھیم میں رنگی ہوئی ہے اور اس کی چھت پر فٹبال ہے جبکہ میسی کی جرسی کے ساتھ ان کا شرٹ نمبر 10 بھی لکھا ہوا ہے۔

قطر میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے دوران زبیر نامی نوجوان نے مقبولیت حاصل کی تھی، حیران کن طور پر اس پرستار کو 1904 کے بعد سے کھیلے گئے ہر فیفا ورلڈ کپ میچ کے تمام اعداد و شمار زبانی یاد ہیں، جس سے انہیں سوشل میڈیا پر کافی پذیرائی ملی تھی۔

ورلڈ کپ کے دوران بزنس مین نے زبیر کو قطر لے جانا چاہا لیکن انہوں نے اپنی والدہ کی بیماری کی وجہ سے پیشکش کو ٹھکرا دیا تاہم دبئی کے رہائشی نے زبیر کے لیے کچھ کرنے اور اسے خصوصی تحفہ فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا تھا۔

دوسری جانب برنس مین کی جانب سے گھر کا تحفہ دینے پر زبیر نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے گھر میں رہنا ایک خواب تھا۔