قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر میں 55 سال تک رشتہ ازدواج میں منسلک رہنے والے شوہر کی وفات کے 90 منٹ بعد بیوی بھی انتقال کر گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ قناطر الخیریہ کے دیہی علاقے میں گزشتہ منگل کو پیش آیا تھا۔
مصری شہری احمد شفیق نے کہا ہے کہ ان کے والدین نے مثالی ازدواجی زندگی گزاری ہے۔ 55 سال گزرنے کے باوجود ان کی محبت میں کمی نہیں آئی، میری 4 بہنیں ہیں، کبھی ہم انہیں لڑتے ہوئے نہیں دیکھا۔
انہوں نے کہا کہ والدہ کو سینے کا کینسر ہوگیا تھا جس کا علاج جاری تھا تاہم علاج کے باعث وہ بہت زیادہ کمزور اور لاغر ہوگئی تھیں۔ یہ چیز میرے والد کے لیے بہت زیادہ پریشانی کا باعث تھی۔اس کی وجہ سے وہ خود بھی بیمار ہوگیے تھے۔
احمد شفیق کے مطابق 8 دسمبر کو مغرب کی اذان کے بعد ان کی اچانک وفات ہوگئی، ابھی ہم تجہیز وتکفین کے معاملات انجام دینے میں مصروف تھے کہ والد کی وفات کی اطلاع والدہ کو ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس پر وہ بہت زیادہ افسردہ ہوئیں اور صدمہ برادشت نہ کرسکیں، ان کی خبر ملے ڈیڑھ گھنٹہ بھی نہیں گزرا کہ ان کی بھی وفات ہوگئی۔ دونوں کا جنازہ ایک ساتھ اٹھا، پورا علاقہ جنازے میں شریک تھا بالکل اسی طرح جس طرح 55 سال پہلے ان کی شادی میں شریک تھا۔