نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مختلف ممالک اور شہری تگ و دو کر رہے ہیں، تاہم اس بیماری نے خوف کا پنجے گاڑے ہوئے ہیں، جس کے باعث ہر روز نئی کہانیاں جنم لے رہی ہیں اور کوئی غلطی سے بھی کھانس لے تو لوگ شک کرنا شروع کر دیتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں پولیس کا کہنا ہے کہ گاؤں میں لُڈو کھیلتے ہوئے ایک شخص نے اپنے ہی ساتھی نوجوان کو مبینہ طور پر اس لیے گولی مار دی کہ اس نے کھانسا کیوں؟ تاہم زخمی ہونے والے نوجوان کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ اب خطرے سے باہر ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق پولیس نے بتایا کہ انڈین ریاست نویڈا کے گاؤں دیان نگر میں رات نو بجے چار افراد لُڈو کھیل رہے تھے کہ جے ویر سنگھ نے ساتھی پرشانت سنگھ کو کھانسنے پر گولی مار دی اور وہاں سے فرار ہو گیا، جسے تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پرشانت سمیت تین لوگ لُڈو کھیل رہے تھے کہ وہاں ویر سنگھ بھی آ گیا اور کھیلتے ہوئے پرشانت کو کھانسی آگئی۔ ویر سنگھ کو لگا کہ اس نے جان بوجھ کر کھانسا ہے اور اسے غصہ آگیا کہ شاید وہ اسے کورونا کا شکار کرنا چاہتا ہے۔
پولیس کے مطابق ’اس کے بعد دونوں کے دمیان جھگڑا ہو گیا اور ویر سنگھ نے پرشانت سنگھ کو گولی مار دی اور وہاں سے فرار ہو گیا۔ پولیس اس کو تلاش کر رہی ہے اور اسے جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت میں لاک ڈاؤن مئی کے پہلے ہفتے تک بڑھا دیا گیا ہے، متاثرین کی تعداد 12 ہزار سے متجاوز کر گئی ہے، جبکہ 423 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔