سعودی خواتین جدہ کی سڑکوں پر جاگنگ کیلئے نکل آئیں

Last Updated On 13 March,2018 12:29 pm

جدہ(نیٹ نیوز ) سعودی خواتین کے ایک گروپ نے عبایا اور ٹریک سوٹ پہن کر شہر کے مصروف علاقے میں جاگنگ کرکے لوگوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں سعودی خواتین نے یوم خواتین انوکھے انداز میں منا کر نہ صرف سعودی حلقوں کو چونکا دیا، بلکہ آزادی نسواں سے متعلق ایک نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔

ٹریک سوٹ اور عبایا میں ملبوس خواتین نے شہر کے تاریخی علاقے البلد میں جاگنگ کی۔ اس دوڑ میں‌ حصہ لینے والے خواتین کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ زندگی کے مختلف شعبوں‌ میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کے سرکاری اعلانات کے بعد عمل میں آیا۔ واضح رہے کہ جنرل سپورٹس اتھارٹی میں شہزادی ریمہ بنت بندر کی سربراہی میں خواتین کے شعبے کا قیام عمل میں آیا ہے، جسے سعودی عرب کی حالیہ تاریخ‌ کا اہم واقعہ قرار دیا جارہا ہے۔

اس واقعہ کو ولی عہد محمد بن سلمان کی نئی پالیسی کی کڑی تصور کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ محمد بن سلمان نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے ہیں، جس میں انہیں ڈرائیونگ کی اجازت دینا نمایاں ہے۔ حالیہ اصلاحات کے بعد ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلی دیکھی جارہی ہیں۔ یاد رہے کہ چند روز قبل سعودی عرب کے ضلع الاحساء میں خواتین کی اولین میراتھن ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈیڑھ ہزار سے زائد خواتین شریک ہوئیں۔

جاگنگ میں حصہ لینے والی ایک خاتون کا کہنا تھا کہ ہم سعودی خواتین کو یہ پیغام پہنچانا چاہتے تھے کہ آپ تنہا نہیں، اب ہم اپنے خوابوں کو مل کر ممکن بنائیں گے۔