اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کے دوران ملک میں ٹیلی کام سروس کی فراہمی کے لئے پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹر کو موبائل فون سروس جاری رکھنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن نے موبائل فون کمپنیوں کو ہدایت نامہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق ٹیلی کام کمپنیاں موبائل فون سروس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کریں، ٹیلی کام سروس میں بریک ڈاؤن کی صورت میں پی ٹی اے کو آگاہ کیا جائے۔
ادھر پی ٹی اے نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ محمد شفیق کو فوکل پرسن مقرر کردیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ٹیلی کام سٹاف کی نقل و حرکت یقینی بنائیں، ٹیلی کام کمپنیوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹیں دور کی جائیں، ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندگان جہاں چاہیں نقل و حرکت کرسکتے ہیں۔
پی ٹی اے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز بند نہیں کی گئیں، ٹرانس ورلڈ کی سروسز میں کوئی ایشو چل رہا ہے، اس ایشو کو دیکھ رہے ہیں، ٹرانس ورلڈ کا انٹرنیٹ بلاکنگ سے کوئی تعلق نہں ہے۔