موٹرسائیکل اور گاڑیوں کے بعد ہونڈا کے طیارے کی دھوم

Last Updated On 30 May,2018 08:16 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) معروف آٹو مینو فیکچرنگ کمپنی ہونڈا کی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کے بارے میں تو آپ پہلے ہی جانتے ہیں، لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ 9 ہزار کے قریب دیگر اشیاء کیساتھ ہونڈا کمپنی طیارے بھی تیار کرتی ہے۔ حال ہی میں کمپنی نے اپنا نیا اور سب سے بہترین طیارہ متعارف کروایا ہے۔

ہونڈا کمپنی نے سب سے تیز اور خاموش ترین ایلیٹ نامی نیا طیارہ مارکیٹ میں متعارف کرایا ہے، نئے طیارے کے حوالے سے کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ایلیٹ طیارہ انتہائی سستا ہے اور سابقہ ماڈلز کے مقابلے میں یہ طیارہ ایندھن کی 17 فیصد بچت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فل ٹینک کے ساتھ یہ طیارہ 1427 ناٹیکل میل سفر کرسکتا ہے۔

کمپنی کے مطابق اضافی فیول گنجائش اور ایروڈائنامک بہتری کی بدولت اس طیارے کو اڑان بھرنے یا لینڈ کرنے کے لیے کم رن وے کی ضرورت پڑتی ہے، جبکہ کیبین فیچرز بھی کافی مناسب ہیں۔ ہونڈا نے فی الحال اس کی قیمت کی تفصیلات بیان نہیں کی، تاہم ایک اندازے کے مطابق ایلیٹ طیارے کی قیمت 5 ملین ڈالر یا اس سے زائد ہو سکتی ہے۔