اسلام آباد: (دنیا نیوز) ساتویں ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ 14فروری سے شروع ہوگی۔
پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کامبیکس ساتویں ایشین تائیکوانڈو اوپن چیمپئن شپ 2025 ء کی میزبانی کرے گی، جو 14 سے 20 فروری 2025 ء تک لیاقت جمنازیم اسلام آباد میں ہوگی، کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔
صدر پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن لیفٹیننٹ کرنل (ر)راجہ وسیم احمد جنجوعہ نے کہاہے کہ یہ پاکستان میں ہونے والی چوتھی بین الاقوامی تائیکوانڈو چیمپئن شپ ہوگی، ہمیں یقین ہے کہ یہ ایونٹ خطے میں تائیکوانڈو کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
22 ممالک کے 487 کھلاڑی چیمپئن شپ میں شرکت کریں گے، چیمپئن شپ کی کیٹیگری پومسے میں 110 کھلاڑی شرکت کرینگے، جونیئر کیوروگی کیٹیگری میں 100 مارشل آرٹسٹ نے خود کو رجسٹرڈ کیا ہے، سینئر کیوروگی میں 277 ایتھلیٹ ایکشن میں نظر آئینگے۔