لاہور: (دنیا نیوز) پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے میڈل جیتنے والے قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا آئندہ بھی کروں گا۔
جیولن تھرور گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ریسکیو 1122 کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میری جیت کے پیچھے پوری قوم کی دعائیں اور کوچ کی محنت تھی، رواں سال کہنی کی سرجری بھی کرائی، مجھے دو بار انجری بھی ہوئی، اس پر کام کیا۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکریہ ادا کروں اتنا کم ہے، اولمپکس سے ایک ماہ پہلے پیرس میں ایک مقابلہ ہوا، پیرس اولمپکس کے فائنل میں دوسری تھرو پر اللہ نے عزت دی، میں نے پیرس اولمپکس گیم کا ریکارڈ بریک کیا، یہ سب کچھ عوام کی دعاؤں سے ہوا، قوم نے بہت عزت دی۔
قومی ایتھلیٹ نے مزید کہا کہ اگلی اولمپکس 2028 میں ہوگی، ایسے ہی مجھے دعائیں دیں، آئندہ بھی پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کروں گا، آج ریسکیو کے جوانوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی، ان کی فٹنس بہترین ہے، کوشش کروں گا ریسکیو کے جوانوں کے ساتھ ٹریننگ کروں۔