ثانیہ مرزا کا گھر واپسی پر شاندار استقبال ، ویڈیو وائرل

Published On 02 February,2023 11:54 am

دبئی : (ویب ڈیسک ) معروف بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا گزشتہ ہفتے آسٹریلین اوپن میں اپنے آخری میچ کے بعد دبئی میں اپنی رہائش گاہ پہنچیں تو ان کے اہل خانہ اور دوستوں نے شاندار استقبال کیا ۔

بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی  ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت کے بعد  گھر پہنچنے پر شاندار استقبال کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے، ویڈیو میں ثانیہ کے دوست، احباب اور عزیز و اقارب ان کا بے حد گرمجوشی سے استقبال کرتے نظر آرہے ہیں ۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر  ثانیہ مرزا کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پوسٹ کے عنوان میں ٹینس سٹار نے لکھا کہ جب آپ اپنے گھر آتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ آپ کے پاس دنیا کے سب سے بہترین اہل خانہ اور دوست احباب ہیں۔ شکریہ ۔

انہوں نے مزید لکھا کہ وہ ان سب کی جانب سے استقبال دیکھ کر واقعی حیران ہوگئیں ۔

 


دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین اور بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تقریب کی اس ویڈیو میں ثانیہ کے شوہر اور قومی کرکٹر شعیب ملک بھی موجود ہیں جنہوں نے نہ صرف ثانیہ کو گلے لگایا بلکہ گلدستہ دے کر ان کا خیرمقدم بھی کیا ہے جس کے بعد اس جوڑی کی طلاق سے متعلق گردش کرتی تمام خبریں دم توڑ تی نظر آرہی ہیں ۔

یاد رہے کہ ثانیہ مرزا نے گزشتہ ہفتے آسٹریلین اوپن میں اپنے آخری میچ کے بعد ٹینس کی دنیا کو خیر باد کہہ دیا ہے ۔

خیال رہے کہ شعیب ملک اور ان کی اہلیہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان گزشتہ دنوں علیحدگی کی خبریں زیرگردش تھیں تاہم اس حوالے سے دونوں کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔