میرپور میں یکجہتی کشمیر باکسنگ ٹورنامنٹ، خواتین نے بھی خوب مکے برسائے

Last Updated On 02 September,2019 04:54 pm

میرپور: (دنیا نیوز) میرپور آزادکشمیر میں یکجہتی کشمیر باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ خواتین نے بھی خوب مکے برسائے۔ برطانوی باکسر جیک خان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم کو ظلم کا حساب دنیا ہوگا۔

میرپور آزادکشمیر میں یکجہتی کشمیر باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں سابق ہیڈ کوچ انگلینڈ باکسنگ فیڈریشن جیک خان نے خصوصی شرکت کی۔ ایونٹ میں اے کے سی ڈبلیو باکسنگ کلب منگلا اور بلیک ایگل باکسنگ کلب راولپنڈی کے درمیان مقابلہ جات ہوئے، ایونٹ میں 6 فائٹس ہوئیں جن میں خواتین بھی شامل تھیں، مقابلہ جات انتہائی دلچسپ ہوئے جن کے دوران شائقین نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو خوب داد دی۔

اس موقع پر جیک خان اور باکسنگ کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں جس قدر ٹیلنٹ ہے اتنا دنیا کے کسی حصے میں نہیں، کشمیر کے لوگ کشمیر کی لڑکیاں فائٹرز ہیں، اپنا تحفظ کرنا اور دشمن کا مقابلہ کرنا خوب جانتی ہیں۔

ٹورنامنٹ کے آخر میں جیک خان نے نوجوان باکسرز کو باکسنگ کے حوالے سے ٹریننگ ٹپس دیں، بعد ازاں اچھی کارگردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔