نواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کی ٹرافی پر قبضہ جما لیا

Last Updated On 29 January,2019 10:53 pm

سڈنی: (دنیا نیوز) نواک جوکووچ نے رافیل نڈال کو شکست دے کر آسٹریلین اوپن کی ٹرافی پر قبضہ جما لیا۔ سربین ٹینس سٹار نے کیرئیر کا 15واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتا۔

آسٹریلین اوپن کی ٹرافی نواک جوکووچ کے نام ہو چکی ہے، سابق عالمی نمبر ون سپین کے رافیل نڈال کوئی سیٹ نہ جیت سکے۔ نواک جوکووچ کی فتح کا سکور چھ تین، چھ دو اور چھ تین رہا۔

سربین سٹار نے فتح پر پرجوش دکھائی دیے اور بھرپور جشن منایا۔ عالمی نمبر ون نواک جوکووچ کے کیرئیر کا یہ پندرہواں گرینڈ سلم ٹائٹل ہے۔

سربیا کے نواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن ٹینس کے سیمی فائنل میں فرانس کے لوکاس پاؤلی کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی تھی۔ نواک جوکووچ کی فتح کا سکور چھ صفر، چھ دو اور چھ دو رہا تھا۔

دوسری جانب سپین کے رافیل نڈال نے یونان کے جائنٹ کلر سٹیفانوس ستسپاس کو شکست دیتے ہوئے پانچویں بار آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا۔

میلبورن میں 2009ء میں چمپئن رہ چکے نڈال نے 20 سالہ ستسپاس کو صرف ایک گھنٹے 45 منٹ تک جاری رہنے والے سیمی فائنل مقابلے میں 6-2، 6-4، 6-0 سے ہرایا تھا۔ نڈال ٹورنامنٹ میں اس بار بغیر کوئی سیٹ گنوائے فائنل میں پہنچے تھے۔

نڈال 2009ء میں ٹائٹل جیتنے کے بعد 2012ء میں جوکووچ سے، 2014ء میں سٹنسلاس واورنکا اور 2017ء میں راجر فیڈرر سے فائنل میں ہارے تھے۔