ماسکو: (دنیا نیوز) فٹبال ورلڈکپ سے سابق عالمی چیمپئن سپین کے غیر متوقع طور پر آؤٹ ہو جانے سے مڈ فیلڈر سپرسٹار اندرے انیستا کی ریٹائرمنٹ بھی تلخ یاد بن گئی۔
34 سالہ اندرے انیستا اگرچہ ورلڈکپ سے پہلے ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کر چکے تھے، لیکن ناک آؤٹ مرحلے میں پنلٹی شوٹ آؤٹس یعنی ٹوٹل قسمت کے کھیل میں ہار کر باہر جانے سے مڈفیلڈر کے انٹرنیشنل کیرئر کا اختتام تلخ ہو گیا۔ سپین کی طرف سے پہلی کامیاب پنلٹی کِک بھی انیستا کی تھی لیکن افسوس ان کا یہ گول ٹیم کو سنسنی خیز شکست بلکہ ایونٹ سے آؤٹ ہو جانے سے نہ بچا سکا۔
2002 میں 18 سال کی عمر میں سپین کی طرف سے ڈیبیو کرنے والے انیستا "ٹیکی ٹاکا" یعنی چھوٹے پاسز کے ماہر کے طور پر ٹیم کا مستقل حصہ رہے۔ فیفا ٹورنامنٹس میں 52 نمائندگیاں پائیں، 6 گولز کے ساتھ ٹیم کو 39 میچز میں فتح دلائی۔ ورلڈکپ 2010 کے فائنل میں نیدرلینڈز کے خلاف فیصلہ کن گول انیستا کا ہی تھا جس پر انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ ملا۔