اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے دریائے سندھ پر نہریں بنانے کا منصوبہ روک دیا
وفاقی دارالحکومت میں بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں جب تک رضا مندی سے کوئی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک کوئی نہر نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2مئی ہو گا، میں بلاول بھٹو زرداری کا بھی شکر گزار ہوں، ہم نے بھارت کے معاملات پر بھی گفتگو کی ۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے اور اس کے کچھ تقاضے ہیں، کینالز منصوبے اور ملکی صورتحال پر بڑی سنجیدگی سے بات کی، صوبوں کے درمیان معاملات بات چیت سے طے کیے جاتے ہیں۔
بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ہماری شکایات کو سنا اور پیپلزپارٹی کے اصولی موقف اور مطالبات کو تسلیم کیا، ہمارا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ باہمی رضا مندی کے بغیر کوئی نہر نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت دیگراقدامات پر حکومت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اوراس معاملے پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔