نیتن یاہو کو دورے کی دعوت پر حافظ نعیم کا ہنگری کے سفیر کو احتجاجاً خط

Published On 15 April,2025 08:17 pm

لاہور:(دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان میں تعینات ہنگری کے سفیر کو خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں حافظ نعیم الرحمان  کی جانب سے لکھا گیا ہے کہ غزہ میں نسل کشی کے جرم میں عالمی عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری کے باوجود اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کو ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دینے پر سراپااحتجاج ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ ہنگری کے سفیر بیلا فازیکاس کو خط لکھا اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو اپنے ملک میں مدعو کرنے پر احتجاج کیا اور ہنگری کے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ سے علیحدگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔

امیر جماعت اسلامی کا  کہنا تھا کہ کہ حکومت ہنگری کا نیتن یاہو کا خیرمقدم کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوس ناک ہے کیونکہ نیتن یاہو پر آئی سی سی میں سنگین الزامات عائد ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ نیتن یاہو نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا، بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کیا لہٰذا ہنگری کی حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرے۔