پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔
اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی فراہمی کے لئے فنڈ کی فراہمی کی منظوری دی گئی، نئے تعلیمی سال میں داخلہ لینے والے بچوں کو مفت بستوں کی فراہمی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
کابینہ نے صحت سہولت کے تحت مفت ٹرانسپلانٹ و امپلانٹ سروس دینے کا فیصلہ کیا ہے، اب کڈنی، لیور، بون میرو ٹرانسپلانٹ کا خرچہ حکومت برداشت کرے گی، کوکلئیر انپلانٹ کا خرچہ بھی حکومت برداشت کرے گی۔
صوبے کے 132 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو سینی ٹیشن سروسز کے لئے مشینری کی خریداری کے لئے 3.6 ارب روپے مرحلہ وار فنڈز کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے دینی مدارس کے لئے مختص گرانٹ کی رقم 30 ملین سے بڑھا کر 100ملین کرنے کی منظوری دی، اجلاس میں خیبرپختونخوا گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن ایکٹ 2025 کی منظوری دی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں گورنر انسپکشن ٹیم اور صوبائی انسپکشن ٹیم کو ضم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔