کوہالہ :(دنیا نیوز) یوم پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر کے انٹری پوائنٹ کوہالہ کے مقام پر پروقار تقریب ہوئی ۔
یوم پاکستان کے موقع پر آزاد کشمیر کے داخلی دروازے کوہالہ پر پرچم کشائی اور تحریک آزادی کشمیر کے ہیروز کی یاد میں یادگاری دیوار کا افتتاح کر دیا گیا۔
سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اور پاک فوج کے مقامی کمانڈر نے پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے، پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانوں کی دھن پر پرچموں کی سلامی پیش کی۔
کوہالہ میں کشمیری ہیروز سید علی گیلانی ،سردار ابراہیم اور سردار عبد القیوم خان کی تصاویر سے مزین یادگاری دیوار کو دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے انٹری پوائنٹ کوہالہ کے مقام پر آزاد کشمیر اور صوبہ خیبر پختونخوا کے عوام نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی اور محبت کی علامت انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی، تقریب میں شریک عوام نے پاکستان زندہ آباد ،کشمیر بنے گا پاکستان اور پاک فوج زندہ آباد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔