بانی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل چاہتا ہے، سیاسی برادری کیساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں: رانا ثنا

Published On 20 March,2025 10:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل چاہتا ہے، بانی سیاسی برادری کے ساتھ ڈیل کو تیار نہیں ہے، راستہ سیاسی برادری کے ساتھ بیٹھ کر ہی معاملہ طے کرنے میں ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ’’آن دی فرنٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی نے متعدد بار کہا اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتا ہوں، ہم نے تو بڑی محنت کر کے مذاکرات کو آگے بڑھایا تھا بانی پی ٹی آئی نے مذاکرات کو چلنے ہی نہیں دیا، سیاست دان بیٹھیں گے تو معاملات حل ہوں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گریبان میں جھانکیں ان کو کس نے اقتدار پر بٹھایا تھا، بانی نے اپنے دور میں اپوزیشن کو جیلوں میں ڈالا، پلوامہ واقعے کے بعد اپوزیشن نے بانی کا دو گھنٹے تک انتظار کیا، نہیں آئےتھے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں نے بسوں سے اتار کر مسافروں کو قتل کیا، ٹرین میں بےگناہ مسافروں کو شہید کیا گیا، دہشت گردوں کے خلاف پوری قوم ریاست کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرین حادثے پر جو پروپیگنڈا بھارت نے کیا، وہی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے کیا، اگر بانی مقبولیت کے گھمنڈ میں ریاست کے خلاف رویہ اپنائیں گے تو مقبولیت ہوا کی طرح اڑ جائے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نوازشریف کی ایڈوائز پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزیر داخلہ محسن نقوی کو قومی سلامتی کمیٹی میں آنا چاہیے تھا، مجھے پتا چلا ہے کہ وزیر داخلہ کی طبعیت ٹھیک نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی میں ڈی جی ایم او نے تفصیلی بریفنگ دی، آرمی چیف نے کہا سی ٹی ڈی اور پولیس کے ادارے کو مضبوط کرنا چاہئے، علی امین گنڈا پور نے سیاسی ضروریات کے تحت باہر آکر اور بات کی۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے اجلاس میں مکمل تائید اور یکجہتی کا اظہار کیا، علی امین گنڈا پور نے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، علی امین گنڈا پور نے فنڈز سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پوری تقریر میں بانی کا نام بھی نہیں لیا، علی امین گنڈا پور کی اجلاس کے بعد کھچائی ہو رہی ہے تو ان کا پردہ چاک نہ کیا جائے تو بہتر ہے، علی امین گنڈا پور کا پردہ چاک کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا میدان میں ہی مقابلہ ہوتا ہے، میرا ذاتی خیال تھا بانی جیل نہیں کاٹ سکیں گے، بانی نے جیل کاٹی ہے، بانی مزاحمت کر رہے ہیں اس لیے مقبولیت حاصل ہے، بانی سیاسی طور پر نہیں مزاحمت کی وجہ سے مقبول ہیں۔