عدالت نے پرویزالہٰی کے مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

Published On 11 March,2025 11:45 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالہٰی کے مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق ندیم نے چودھری پرویز الہٰی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا، عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں فیصلے سناتے ہوئے درخواست کو نمٹا دیا۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سیاسی بنیادوں پرمقدمات درج کئے جا رہے ہیں، پولیس نے حقائق کے برعکس مقدمات درج کر رکھے ہیں، مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں، عدالت درخواست گزار پر درج مقدمات کی تفصیلات دینے کا حکم دے۔

عدالتی حکم پر پنجاب پولیس نے پرویزالہٰی پر درج مقدمات کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ پرویز الہٰی پر 32 مقدمات درج ہیں، رپورٹ پر پرویزالہٰی کے وکیل نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ رپورٹ درست نہیں ہے، دوبارہ رپورٹ طلب کی جائے۔

عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کو اگر کوئی شکایت ہے تو متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔