لاہور: (محمد اشفاق) رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، مقدمہ کا مدعی کمرہ عدالت میں اپنے بیان سے منحرف ہو گیا۔
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں جج سردار محمد اقبال نے کیس پر سماعت کی، مدعی مقدمہ ذوالفقار اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت پیش ہوا۔
دوران سماعت مدعی ذوالفقار نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی درخواست دائر نہیں کی، مجھے درخواست کے نکات کا بھی علم نہیں ہے، میں نہیں جانتا ریفرنس میرے نام سے کیسے فائل ہوا ،میں یہ درخواست واپس لیتا ہوں۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ یہ کیسے ممکن ہے؟ آپکو پتہ ہے آپ کیا کہہ رہے ہیں؟ میں نہیں جانتا کہ درخواست میں کیا کہا گیا ہے، آپ ہمیں یہ بات بیان حلفی میں بتا دیں ،ہم آگے کارروائی کرتے ہیں۔
مدعی مقدمہ نے جواب دیا کہ جی میں اپنے وکیل سے بیان حلفی تیار کروا کے لے آتا ہوں، کچھ وقت دیا جائے۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں کب کیا ہوا؟
لاہور کی احتساب عدالت اور اینٹی کرپشن عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف زیر سماعت رہنے والے رمضان شوگر ملز کیس میں مدعی مقدمہ ذوالفقار علی نے کیس سے اظہار لا تعلقی کر دیا۔
نیب نے مذکورہ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر الزام عائد کیا تھا کہ دونوں ملزمان نے 2015 میں چنیوٹ میں رمضان شوگر ملز کو فائدہ پہنچانے کے لیے قومی خزانے سے گندا نالہ تعمیر کروایا جس کے باعث ملکی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
احتساب عدالت لاہور کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر 9 اپریل 2019 کو فرد جرم عائد کی گئی جبکہ نئے ثبوت آنے کے بعد اور ضمنی ریفرنس دائر ہونے کے بعد 6 اگست 2020 کو پھر سے فرد جرم عائد کی گئی۔
نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت لاہور نے 11 ستمبر 2022 کو ریفرنس نیب کو واپس بھجوایا اور ہدایت جاری کی کہ احتساب عدالت کے پاس مزید ٹرائل کا اختیار نہیں ہے، نیب ریفرنس متعلقہ فارم پر دائر کرے۔
سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 15 ستمبر 2023 کو نیب ترمیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دیا تو 22 ستمبر 2023 کو رمضان شوگر ملز ریفرنس سماعت کے لیے دوبارہ احتساب عدالت کو بھیج دیا گیا۔
6 ستمبر 2024 کو سابق چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے نیب ترامیم کو پھر سے بحال کیا تو 17 اکتوبر 2024 کو احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل کر دیا۔
اکتوبر 2024 سے تادم تحریر مذکورہ ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت میں زیر سماعت ہے، عدالت نے کی کیس مزید سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر رکھی ہے۔