اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل سد باب کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے راجگال میں فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور آپریشن کے دوران سپاہی عامر سہیل آفریدی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا، وزیراعظم نے شہید کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملاتے رہیں گے، حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے فتنہ الخوارج کے مکمل سد باب کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے: محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ خیبر کے علاقے راجگال میں خوارجی دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن 4خوارجیوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
محسن نقوی نے خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی عامر سہیل آفریدی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی عامر سہیل آفریدی نے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بہادر سکیورٹی فورسز نے ایک بار پھرخوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، پاکستان کی بہادر سکیورٹی فورسز نے 4 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور ناپاک ارادوں کو خاک ملایا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔