لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ہرجانے کے دعوے سے متعلق کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے عمران خان کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی گواہوں کوتحریری گواہی کی اجازت دینے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہائی کورٹ میں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عمران خان کے خلاف ہرجانے کے دعوے کے کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ٹرائل کورٹ میں گواہوں کو تحریری گواہی دینے کی اجازت کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے ہتک عزت کے دعوے میں گواہوں کو تحریری صورت میں گواہی دینے کی اجازت دی ہے، ٹرائل کورٹ کا یہ فیصلہ حقائق کے برعکس ہے، گواہ کمرہ عدالت میں پیش ہو کر گواہی دیں۔
عمران خان کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے تاہم عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے دیا۔