پشاور: (دنیا نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا اور پنجاب کے رہنماؤں کی حفاظتی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس وقار احمد نے پی ٹی آئی رہنماؤں کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے ساجد خان مہمند، فضل محمد، محمد احمد چھٹاں، چودھری آصف علی، ایم این اے محبوب، سلیم شاہ، صاحبزادہ صبغت اللہ کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے جواب طلب کر لیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے 24 دسمبر تک درخواست منظور کرتے ہوئے کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ یہ درخواست گزار متعلقہ عدالت کیوں نہیں جا رہے جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ممبران قومی اسمبلی اپنے گھر تک نہیں جا سکتے۔
عدالت نے درخواست گزاروں کو 2 ہفتے تک حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی مقدے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ پنجاب کے درخواست گزار اسلام آباد یا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کریں۔