لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کل بھی پنجاب کی سب سے بڑی پارٹی تھی اور آج بھی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل مسلم لیگ ن نےشیخوپورہ کے ضمنی انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی، ساڑھے 22 ہزار کی لیڈ سے مسلم لیگ ن نے شیخوپورہ کی سیٹ جیتی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جب جب انہوں نے فساد کی کال دی لوگوں نے مسترد کیا، لوگوں کو 50 ،50 ہزار دے کر وفاق سے لڑنے کیلئے لایا جاتا ہے، کل پاکستان کے اداروں کے خلاف بیانیے کو مسترد کیا گیا ہے، پنجاب کے لوگ فساد کیلئے باہر نہیں نکلتے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مختلف پروگرامز کے ذریعے خدمت کی سیاست کر رہی ہیں، لوگوں کو کسان کارڈ، سپرسیڈرز، الیکٹرک بائیکس مل رہی ہیں، مریم نواز نے 30 ہزار سکالرشپس بچوں کو دیئے، سکالر شپ پروگرام کیلئے 68 ہزار طلبہ نے درخواستیں دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کا موقع دیا ہے، وزیراعلیٰ نے بچوں کے ہاتھوں میں سکالر شپس دیئے، کیلوں والے ڈنڈے نہیں، تمام بچوں کو میرٹ پر سکالر شپس ملے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے ہر گلی ، محلے کو صاف کرنے کا پروگرام بنایا گیا ہے، ایک لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوئیں، نئی مشینری خریدی گئی ہے، آج فری سولر پروگرام کی لانچنگ کر دی گئی ہے، جس کا آج باقاعدہ افتتاح کیا ہے، پنجاب کے لوگ آن لائن پورٹل پر اپلائی کرسکیں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے پہلے بھی 14 روپے فی یونٹ کا ریلیف دیا تھا، آج سولر پروگرام کے بعد لوگ مستقل مستفید ہوں گے، لوگوں کو ایک لاکھ سولر سسٹم دیئے جائیں گے، آئندہ گرمیوں سے پہلے تمام لوگوں کے گھروں پر سولر موجود ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی گورنمنٹ نے بھی بجلی یونٹ پر ریلیف دیا ہے، اس سولر پروگرام سے وفاق کو بھی ڈیڑھ ارب روپے کی بچت ہوگی، وزیراعلیٰ چائنہ سے واپسی پر سولر ٹیوب ویلز کا بھی افتتاح کرنے جارہی ہیں۔