راولپنڈی : (ویب ڈیسک ) راولپنڈی میں تعینات پنجاب پولیس کی افسر بینش فاطمہ نے بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔
صدر انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف چیفس آف پولیس (آئی اے سی پی) نے بوسٹن میں ایس پی بینش فاطمہ کوبین الاقوامی ایوارڈ برائے آئی اے سی پی 2024 سے نوازا۔
آئی اے سی پی ہرسال دنیابھرکے 40 سال سےکم عمر نمائندگان میں سے بہترین افسران کا انتخاب کرتاہے اوریہ ادارہ دنیا بھر میں مختلف کمیونٹی کے لوگوں کے تحفظ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتا ہے۔
آئی جی پنجاب عثمان انورنے ایس پی بینش فاطمہ کو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے اور عالمی ایوارڈ جیتنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایس پی بینش فاطمہ پنجاب پولیس کا قیمتی سرمایہ ہیں۔
ایس پی بینش فاطمہ پنجاب پولیس کی تاریخ میں آرگنائزڈ کرائم یونٹ کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون افسر ہیں جنہوں نے سماجی ناہمواریوں کی رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے بچوں اور خواتین کی دیکھ بھال کیلئے کام کیا ۔
انہوں نے پنجاب میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے ایک کرائم رپورٹنگ سنٹر اور ہیلپ ڈیسک قائم کیا جبکہ اسلام آباد میں پہلا میثاق سنٹر بھی قائم کیا، جو ایک پولیس ہیلپ ڈیسک اور مذہبی اقلیتوں کے لیے رپورٹنگ سنٹر ہے۔
بینش فاطمہ آجکل پاکستان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ساتھ پرتشدد جرائم کا شکار ہونے والے بچوں کے لیے آگاہی مہم اور سپورٹ میکنزم ڈیزائن کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں ، ان پراجیکٹس پر اب پورے پنجاب میں کام کیا جارہاہے جس کا مقصد پولیس کی جانب سے معاشرے کے پسماندہ طبقات کی مدد کرنے میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ایس پی بینش فاطمہ کو راولپنڈی کی پہلی خاتون چیف ٹریفک آفیسر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔