اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات فیصلے کیخلاف دائر نظر ثانی درخواست پر سماعت آج ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بنچ ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا، جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس مسرت ہلالی تین رکنی خصوصی بنچ کا حصہ ہیں۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے کیس کے فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔
پی ٹی آئی وکیل حامد خان نے گزشتہ روز فیملی مصروفیت کے باعث التواء کی درخواست دائر کر رکھی ہے، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے 13 جنوری 2024 کو متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا تھا۔
عدالت نے انٹرا پارٹی انتخابات کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا، عدالت نے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کرتے ہوئے قرار دیا تھا پشاور ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کی درخواست قابل سماعت ہی نہیں تھی۔