اسلام آباد : (دنیانیوز) سینیٹر فیصل واوڈا کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے معصوموں کو مروانے کیلئے احتجاج کی کال دی جارہی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اقتدار کیلئے ایک جماعت گھناؤنا کھیل کھیل رہی ہے ، بانی پی ٹی آئی کو فکر ہے کہ معیشت کی کمر سیدھی ہوگئی ہے، بانی پی ٹی آئی آزادی اور غلامی سے نجات کی باتیں کررہے ہیں ، پہلے اپنے آپ کو ذہنی غلامی سے نجات دلائیں ، تحریک انصاف کو اب لاشیں چاہیے، اسی کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون اس لئے آنا چاہتے ہیں کہ لڑائی ہو، لوگوں کو مروانے کےلئے احتجاج کی کال دی، بانی پی ٹی آئی سب سے پہلے اپنے بیٹوں کو پاکستان لائے، غیرملکی شخصیات پاکستان آرہی ہیں، پاکستان میں سرمایہ کار آرہے ہیں، حکومت کی نالائقی ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی چیزوں کو ہائی لائٹ نہیں کررہی۔
فیصل واوڈا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گنڈاپور ایک پیادہ ہے اور اس کے پیچھے ایک کہانی ہے ، آپ کو سیاست کرنی ہے تو سیاست کریں ، بات کرو تومولاجٹ کی سیاست شروع ہوجاتی ہے ، جو بدمعاشی اور غنڈہ گردی کی بات کررہاہے وہ سی ایم ہے ، یہ ڈی چوک اس لیے نہیں آئیں گے کیونکہ انہیں تصادم چاہیے ۔
ان کاکہنا تھا کہ جب تک اوپر والا راضی ہے چیزیں چلتی رہیں گی، کوشش ہر بار رہتی ہے کہ نااہل کرکے گھسیٹ کر باہر کردیا جائے، اللہ کی مہربانی ہے ہر بار اہل ہوکر آجاتا ہوں، اگر آپ نے سٹیٹ کی رٹ کو چیلنج کیا یا کرنا چاہتے ہیں تو چیپٹر کلوز ہے ۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ملک میں استحکام آرہا ہے،پٹرول مزید سستا ہوگا، ڈالر کم ہوا ،آئی ایم ایف معاہدہ ہوا، انڈسٹری کو 9سینٹ کی بجلی ملے گی،شرح سود میں کمی ہوئی ہے۔
سابق وزیر نے کہا کہ اگلے ہفتے پاکستان کیلئے پھر ایک بڑی خبر آرہی ہے، تحریک انصاف بھی کوشش کرتی رہی، اگر ایس آئی ایف سی کا کریڈٹ ہے تو کسی کی بات کیوں کروں، جو فوج کی اچھی چیزیں ہیں ان کو سراہنا چاہیے، جہاں ڈکٹیٹر شپ ہو وہاں غلامی قبول نہیں کرسکتا، میں ان میں سے نہیں جو 9مئی پر مذمت کرنے آگئے تھے۔
فیصل واوڈا کاکہنا تھا کہ میں کراچی والا ہوں گالیوں میں اتنی سپیڈ ہے کہ فورسٹار بھی پیچھے رہ جائے گی، گالی اور بداخلاقی سے چیزیں ٹھیک نہیں کرسکتے، آپ سلام کریں گے تو جواب میں ڈبل سلام ملے گا، گالی دیں گے تو مجھ سے ڈبل گالی ملے گی، میں بانی پی ٹی آئی کو جس ڈگر پر جانے سے روک رہا تھا وہیں گئے، بانی پی ٹی آئی اب سیاسی کفن پر آخری کیل ٹھونک رہے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی نے محنت کی ہے، آئی پی پیز والا معاملہ پی ٹی آئی کے دور میں بھی فوج حل کی طرف لے کر گئی، آج موجودہ حکومت کے لوگوں کے نام بھی آئی پی پیز میں سرفہرست ہیں، دس بارہ دن پہلے بلاول بھٹو سے بات ہوئی،عزت اور تمیز سے ملتے ہیں، بلاول بھٹو میں کوئی چھیچھورا پن نہیں ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا کاکہنا تھا کہ بارڈرز پر میں یا آپ نہیں فوج کے جوان شہید ہورہے ہیں، آپ کہتے ہیں فوج آپ کیلئے قربانی بھی دے اور حکومت کے کام بھی کرے، آپ میرے خلاف کوئی کیس نکالیں کہ میں نے یا میرے باپ دادا نے گورنمنٹ سے کوئی پلاٹ لیا ہو، یہاں آپ کو ملک میں آگ لگانے ،گالم گلوچ کیلئے لایا جارہا ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ 21اکتوبر کو میں اور آپ سالگرہ کا کیک خوشی خوشی کھائیں گے، سپریم کورٹ میں مجھ سے زیادہ تجربہ کار لوگ ہیں، سیاستدانوں نے تاثر دیا ہے کہ پی ٹی آئی کی پشت پر کورٹ کھڑی ہے، تاثر یہ بھی دیا کہ گورنمنٹ کی پشت پر سٹیبلشمنٹ کھڑی ہے، سپریم کورٹ نوٹس لے نوگوایریا میں کھڑے ہونے کا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ جب بھی پاکستان بہتری کی جانب چلتا ہے تو پی ٹی آئی بزدلی کا شورمچادیتی ہے، کہا جارہا ہے بیرسٹر گوہر کو نکال دو، بیرسٹر گوہر سمجھدار ہے،بزدل یہ ہیں جو لاشوں کا کھیل کھیل رہے ہیں۔