مظفرآباد : (دنیانیوز) مقبوضہ کشمیر میں مودی کی جانب سے الیکشن کے ڈرامے کے خلاف آزاد کشمیر میں احتجاج کیا گیا ۔
مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں الیکشن کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے ، کشمیری اسے مودی کا پراپیگنڈہ قرار دے رہے ہیں کیونکہ وادی اب بھی جیل خانے کا منظر پیش کر رہی ہے ۔
مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوج تعینات ہے ، تمام حریت پسند لیڈروں اور کارکنوں کو یا تو جیل میں ڈال دیا گیا ہے یا پھر نظربند کر دیا گیا ہے، اسی دھوکے اور الیکشن کے ڈرامے کے حوالے سے آزاد کشمیر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں ۔
احتجاجی مظاہرے میں شرکاء نے مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی ، شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے نام نہاد انتخابات کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
شرکاء نے کشمیر پر قابض بھارتی فوج کی جانب سے حریت قیادت اور تحریک آزادی کے رہنماؤں کے خلاف درج کیے گئے غیر منصفانہ مقدمات کی بھی مذمت کی۔
احتجاجی ریلی کے شرکاء نے جیل میں غیر قانونی طور پر قید حریت رہنماؤں کی فوری رہائی کا بھی مطالبہ کیا ، بی جے پی مقبوضہ وادی میں پرچار کر رہی ہے کہ اس نے دہشتگردی ختم کر کے وادی میں امن بحال کردیا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے ۔
مقبوضہ کشمیر کے عوام کسی صورت اپنے حق خود ارادیت کا سودا نہیں کرسکتے اور وہ آخری دم تک اپنی آزادی کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔