کوئٹہ: (دنیا نیوز) محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کا نیا سپیل 15 اگست سے داخل ہوگا جو 18 اگست تک برسے گا۔
رپورٹ کے مطابق خضدار، قلات، سوراب، آواران، مستونگ، نصیر آباد، جعفر آباد میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، صحبت پور، جھل مگسی، کچھی، سبی، پنجگور میں بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوہلو،موسیٰ خیل، بارکھان، لورالائی، ہرنائی ژوب میں بارشوں کا امکان ہے، زیارت، شیرانی اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بارشیں ہوں گی۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت کی ہے کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بارشوں کے نئے سپیل کے دوران ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، پکنک پوائنٹس پر جانے سے گریز کیا جائے۔
بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے کا خدشہ ہے، عوام بجلی کے کھمبوں اور موبائل کے استعمال سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ بارشوں کے دوران الرٹ رہے، بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔