لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے دورہ میانوالی کے دوران ڈی پی او میانوالی مطیع اللہ کو عہدے سے ہٹا دیا، ڈی پی او مطیع اللہ کو سی پی او رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کرائم ریٹ بڑھنے اور کرپشن کی عوامی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جیلوں میں کرپشن کے خاتمے اور کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔
مریم نواز نے دل کے مریضوں کے لئے پہلی کیتھ لیب میانوالی میں قائم کرنے کا اعلان کیا، اس موقع پر میانوالی کے علاقے چھدرو میں زرعی ٹیوب ویل کی سولرائزیشن کا اصولی فیصلہ کیا گیا، انہوں نے میانوالی میں سیلابی پانی اور رودکوہی سے بچاؤ کے لئے پیشگی اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے صفائی کے نظام میں بہتری اور گرین بیلٹ کو ڈویلپ کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے صفائی میں بہتری کے لئے درکار مشینری کی جلد از جلد فراہمی کا حکم دیا، سکولوں کی حالت اور معیار تعلیم میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔
مریم نواز شریف کی زیر صدارت میانوالی کی تعمیر وترقی کا جائزہ لینے کے لئے ڈی سی آفس میں خصوصی اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ضلع بھر میں روٹی اور آٹا کے نرخ بھی دریافت کئے، انہوں نے ضلع میانوالی میں کلینک آن وہیل اور فیلڈ ہسپتالوں کی کارکردگی بارے آگاہی حاصل کی۔
انہوں نے سٹریٹ لائٹس کو مکمل فنکشنل کرنے اور تجاوزات ہٹا کر گلیاں اور بازار وسیع کرنے کی ہدایت کی، اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری کے تحت رجسٹرڈ فیملیز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کے بجلی کے بلوں سے نجات دلانے کے لئے سولر پینل دیں گے، سابق دور حکومت میں غریبوں کی مفت ادویات بند کر گئیں ہم 90 فیصد فری میڈیسن دے رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ میانوالی کے موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری، کمشنر، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او بھی ساتھ تھے، میانوالی کے ٹکٹ ہولڈرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔