راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق نام نہاد بلوچ راجی مچی کی آڑ میں ایک مشتعل ہجوم نے گوادر میں ڈیوٹی پر موجود سکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملے کے نتیجے میں ضلع سبی سے تعلق رکھنے والا 30 سالہ سپاہی شبیر بلوچ شہید ہوگیا، مشتعل مظاہرین کی جانب سے سکیورٹی اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں سولہ سپاہی زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق غیرقانونی مارچ کی حمایت کیلئے سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز نے ہجوم کے اشتعال کے باوجود ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہجوم کا اشتعال انگیز اقدام ناقابل قبول ہے اور ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، شہریوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ پروپیگنڈا میں نہ آئیں، پُرامن رہیں اور امن عامہ برقرار رکھنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج قوم کی حمایت کے ساتھ بلوچستان کے امن واستحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام بنانے کیلئے پُرعزم ہیں۔