کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہبازشریف سے سینئر رہنما ایم کیو ایم سید مصطفیٰ کمال نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف سے سید مصطفیٰ کمال نے لیاری ایکسپریس وے کے حوالے سے گفتگو کی، مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم شہبازشریف کو آگاہ کیا لیاری ایکسپریس وے کا 90 فیصد کام میرے دور نظامت میں مکمل ہوا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ لیاری ایکسپریس وے کا ڈیزائن ہیوی وہیکل کے لئے نہیں بلکہ یہ شہر کی لائٹ ٹریفک کی آمدو رفت کو بہتر بنانے کی مناسبت سے تیار کیا گیا تھا، ہیوی ٹریفک کیلئے ناردن بائی پاس کو بنایا گیا تھا اس کی توسیع کرتے ہوئے اس کو ڈبل ٹریک بنایا جائے۔
وزیراعظم نے مصطفیٰ کمال کی گزارشات کو بغور سنتے ہوئے تجاویز فوری طلب کرلیں، وزیراعظم نے مصطفیٰ کمال کو یقین دہانی کرائی کہ تھرڈ پارٹی ایولوایشن اور اس کی منظوری کے بغیر ہیوی ٹریفک کو لیاری ایکسپریس وے سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔