بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی کونسل تشکیل دے دی ، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا، وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا پہلا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قومی اقتصادی کونسل کے چیئرمین ہوں گے، چاروں وزرائے اعلیٰ قومی اقتصادی کونسل میں شامل ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو بھی قومی اقتصادی کونسل کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی قومی اقتصادی کونسل کی ممبر ہیں۔
سندھ کے صوبائی وزیر برائے آبپاشی جام خان شورو، خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم اور بلوچستان کے صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی ظہور احمد بلیدی کو بھی این ای سی میں شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اقتصادی امور احمد چیمہ، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی ڈاکٹر جہانزیب اور سیکرٹری خزانہ امداد بوسال سمیت سیکرٹری اقتصادی امور اور منصوبہ بندی کو بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
اقتصادی کونسل کا اجلاس طلب
دریں اثنا قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہو گا۔
قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 10 جون کو 11:45 بجے طلب کیا گیا ہے، اجلاس میں سالانہ پلان برائے مالی سال 24-2023 کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس میں سالانہ پلان برائے 25-2024 کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں 13ویں پانچ سالہ منصوبے پر بھی غور کیا جائے گا۔