گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں نقل کرواتے عملہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا

Published On 30 March,2024 05:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امتحانی مراکز میں بوٹی مافیا سرگرم ہے، گورنمنٹ گریجویٹ کالج سبزہ زار میں نقل کرواتے عملہ رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

سندھ کے بعد اب پنجاب میں بھی بوٹی مافیا سرگرم ہے، عملے کی ملی بھگت سے سینٹرز میں نقل عروج پر ہے، وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے مختلف سینٹرز کے دورے کئے، نقل کرتے امیدواروں اور نقل کرواتے نگران عملے کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔

وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ پرائیویٹ ممتحن طلبہ سے پیسوں کی ڈیمانڈ کرتے پائے گئے، میٹرک کے بچوں کا امتحان انٹر کے طالب علم لے رہے تھے، چیکنگ پر امیدواروں کے پرچے بھی آپس میں تبدیل پائے گئے، پی آئی اے سوسائٹی کے نجی سکول سینٹر میں منسٹر نے موبائل چیٹس اور 16000 روپے ریکوری بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: سکولوں کے نصاب میں ناظرہ قرآن شامل کرنے کی انٹرا کورٹ اپیل نمٹا دی گئی

طلبہ کا کہنا تھا کہ عملہ خود آ کر پرچہ حل کروانے میں مدد اور پیسوں کی پیشکش کر رہا ہے، زبردستی دوسرے امیدوار کو نقل کروانے کو بھی کہا جاتا ہے، طلبہ سے 5 سے 10 ہزار روپے مانگے جاتے تھے۔

وزیر تعلیم نے پولیس بلوا کر ایک نگران کو گرفتار کروا دیا، بیان دینے والے امیدواروں کو حکومت کی طرف سے بہادری کے سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا۔

وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ افسوس ہے گزشتہ حکومت نے 5 سال میں تعلیم کا کیا نظام متعارف کروایا؟ گرفتار شدگان کے خلاف صرف ایف آئی آر نہیں کروائیں گے بلکہ کیس کا بھی پیچھا کریں گے۔