اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر کے کل تک جواب طلب کر لیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں جلسے کی اجازت کی درخواست پر سماعت کی، پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت وکیل شیر افضل نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی تھریٹس کو وجوہات بنا کر جلسہ کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے کل جواب طلب کر لیا اور کہا کہ جو بھی آپشنز ہوں گے ان کو کل دیکھ لیں گے۔
بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ہائیکورٹ نے ڈی سی کو پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ کرنے کی ہدایت کی تھی، ڈی سی اسلام آباد نے سکیورٹی وجوہات اور پولیس نفری کی کمی کی وجہ بتا کر درخواست مسترد کر دی تھی۔