مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنیوالے پی ٹی آئی کارکنوں کیخلاف مقدمہ درج

Published On 11 March,2024 10:12 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور پولیس نے مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان پر مقدمات درج کر لئے۔

ذرائع کے مطابق تھانہ انار کلی میں پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دہشت گردی، اغوا کاری، کار سرکار میں مداخلت اور حراساں کرنے سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما حافظ فرحت عباس اور خواتین سمیت 38 کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ احتجاج کے دوران حافظ فرحت عباس کارکنان کو سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور جلاؤ گھیراؤ کرنے کیلئے اشتعال دلواتے رہے، پی ٹی آئی کارکنان نے سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔

یہ بھی پڑھیں:مبینہ انتخابی دھاندلی: پی ٹی آئی کا احتجاج، لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ سمیت متعدد گرفتار

ایف آئی آر کے مطابق حافظ فرحت عباس نے چار پانچ نامعلوم ساتھیوں سمیت شدید فائرنگ کی، ملزمان کا ایک فائر سرکاری گاڑی کو بھی لگا، ساتھیوں کے ہمراہ کانسٹیبل کی وردی پھاڑی اور اسے اغوا کرنے کی کوشش کی جسے استنبول چوک سے بازیاب کروایا گیا۔

ایف آئی آر میں مزید لکھا گیا ہے کہ حافظ فرحت عباس کو قابو کر کے پولیس نے پستول بھی برآمد کیا، گرفتار 42 ملزمان سے ڈنڈے بھی برآمد کئے گئے ہیں۔