اسلام آباد: (دنیا نیوز) نامزد وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے عشائیہ میں شامل اتحادی جماعتوں نے ملکی مسائل کے حل کیلئے مل کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
احسن اقبال نے عشائیہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نامزد وزیر اعظم شہبازشریف کی جانب سے عشائیہ دیا گیا، اتحادی جماعتوں کے نو منتخب اراکین نے عشائیے میں شرکت کی، اتحادی جماعتوں نے ملک کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے عزم کا اظہار کیا، امید ہے پاکستان جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔
نوید قمر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ذریعے ملکر اصلاحات کریں گے، وزیراعظم کیلئے شہبازشریف جبکہ صدر کیلئے آصف علی زرداری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں، تمام اتحادی جماعتوں کے رہنما عشائیے میں موجود تھے، جن عہدوں پر اب الیکشن ہونے ہیں ان پر اکٹھے ووٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عشائیہ میں بلاول بھٹو نے زور دیا کہ قومی مفاہمت کی پالیسی اپنائیں، ہم اپوزیشن کے ساتھ بھی ڈائیلاگ کرنے کی بات کریں گے، ایاز صادق سپیکر جبکہ مصطفیٰ شاہ ڈپٹی سپیکر ہوں گے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان یقین رکھتی ہے کہ مسائل کا حل ایک پارٹی کے پاس نہیں ہے، ساری سیاسی جماعتوں کو ملکر چلنا ہوگا جو جماعتیں اپوزیشن میں ہیں کچھ ایشوز پر ان کو ساتھ دینا چاہئے، ایم کیو ایم ہر اس عمل کو سپورٹ کرے گی جس سے لوگوں کے مسائل حل ہوں۔
علیم خان نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ اب عوام پر رحم کریں، غریب لوگوں کیلئے حالات بدتر ہورہے ہیں، جہاں جہاں جس کو مینڈیٹ ملا ہے وہاں عوام کو ریلیف دیں، ہمارا جو کردار ہوگا وہ پوری ایمانداری کے ساتھ ادا کریں گے۔