لاہور:(دنیا نیوز) سابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ شہبازشریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، شہباز شریف نے مخلوط حکومت بنانے کے متعلق نوازشریف کا پیغام پہنچایا۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے سابق صدرپیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی ہے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے گھر میں ہوئی، ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
صدر مسلم لیگ ن شہبازشریف نے نوازشریف کی جانب سے مخلوط حکومت بنانے کیلئے سیاسی رہنماؤں سے مذاکرات کا ٹاسک ملنے کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی تمام جماعتوں کو ملکر حکومت بنانے کی پیشکش
شہباز شریف نے آصف زرداری سے ملاقات میں قائد ن لیگ نواز شریف کا پیغام پہنچایا، اس موقع پر دونوں جماعتوں کا مل کر ساتھ چلنے اور حکومت سازی کے لیے رابطہ اور ملاقاتیں جاری کرنے پر اتفاق ہوا۔
شہباز شریف نے ملاقات کےدوران رہنما ایم کیوایم رابطہ کمیٹی خالد مقبول سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خالد مقبول کو لاہور آنے کی دعوت دی۔
ملاقات کے بعد آصف زرداری محسن نقوی کے گھر سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے ، سابق صدر کی اسلام آباد میں آج اہم سیاسی رہنماؤں سمیت آزاد امیدواروں سے ملاقاتیں متوقع ہیں ۔