کرک:(دنیا نیوز)سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کا اخلاق تباہ کردیا۔
کرک میں انتخابی مہم کے دوران جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ریاست مدینہ کا نام استعمال کیا تھا انہیں مدینے کے تقدس کا پتہ نہیں ، ہم نے پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر اسلام کا دفاع کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوان نسل کا اخلاق تباہ کردیا ہے، ہم اسلام اور ملک کی سلامتی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جمعیت علمائے اسلام نے 75 سال سے کلمے کے تحفظ کے لئے کوشش کی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس کے علاوہ یہاں کوئی مذہب نہیں مانتے ہیں، ملک معاشی خوشحالی اور امن مانگتا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ وہ لوگ ہیں جو برسر اقتدار رہے۔
سربراہ جمعیت علما اسلام کا کہنا تھا کہ ہمارے پارلیمانی ممبروں نے آپ کو مایوس نہیں کیا ہے،انہوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے کام کیا، اب جس گھر پر پی ٹی آئی کا جھنڈا لگا ہوگا وہ یہودیوں کا دوست ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو سعودی عرب نے مکہ مکرمہ کی ڈیزائن کردہ گھڑی تحفے میں دی جو فروخت کردی گئی ، بانی پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں اور50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا لیکن اپنے دور میں بنے ہوئے گھرتباہ کردیئے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہماری 75 فی صد معیشت تباہ کرکے ہمارا ملک غلامی میں دے دیا، ہم غلامی نہیں مانتے ، ہم غلامی سے ملک کو آزاد کرائیں گے، ہمارے ملک میں طاقت صرف اللہ کی ہے، ہم ان یہودی ایجنٹ کو ملک بدر کریں گے۔