کوئٹہ: (دنیانیوز) سریاب روڈ پر گاہی خان چوک کے قریب پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں 5افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ، ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے کوئٹہ میں انتخابی دفتر پر بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے تاکہ واقعہ میں ملوث افراد کےخلاف الیکشن قوانین کے تحت بھی کارروائی کی جاسکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے شہر سبی میں جناح روڈ پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ریلی کے قریب دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو گئے تھے۔