دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ پر ن لیگ اور جماعت اسلامی آمنے سامنے

Published On 27 January,2024 06:19 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسہ پر مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی آمنے سامنے۔

جماعت اسلامی کے ضلعی صدر نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے ڈپٹی کمشنر کو 22 جنوری کو جلسے کیلئے درخواست دی تھی، درخواست میں دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت طلب کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے درخواست جمع کر کے یقین دہانی کروائی کہ آپ کو اجازت مل جائے گی، ہمارے بعد مسلم لیگ ن نے بھی دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت مانگی، مسلم لیگ ن کی درخواست پر پرانی تاریخوں میں ڈائری نمبر لگایا گیا۔

ضلعی صدر جماعت اسلامی نے کہا کہ انتظامیہ نے ن لیگ کو اجازت دے کر ہماری سیاسی و قانونی حق تلفی کی ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق 2 فروری کو فیصل آباد آ رہے ہیں، جماعت اسلامی بھی 2 فروری کو ہی اپنا جلسہ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں کرے گی۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دونوں جماعتوں میں سے جس نے پہلے درخواست دی اسے جلسے کا موقع دیا جانا چاہئے، انتظامیہ کو چاہئے کہ اصول کی بنیاد پر فیصلہ کرے۔