انتخابی نشان واپسی کیس: اٹارنی جنرل ، الیکشن کمیشن کو نوٹس، جواب طلب

Published On 24 January,2024 11:33 am

لاہور: (دنیا نیوز) امیدواروں سے انتخابی نشان واپس لینے کے کیس میں لاہور ہائی کورٹ نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر الیکشن ایکٹ کے سیکشن 215 کے خلاف کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے اٹارنی جنرل اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 روز میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے درخواست میں الیکشن کمیشن، وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 آئین کے متصادم ہے، سپریم کورٹ متعدد فیصلوں میں طے کر چکی ہے کہ پارٹی الیکشن کا جنرل انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑتا، آئین کے آرٹیکل 17 کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت پر صرف 2 صورتوں میں پابندی لگائی جاسکتا ہے۔

عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکشن 215 کے تحت کسی بھی سیاسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لیا جا سکتا ہے، عوام کی نمائندہ جماعت اور ووٹرز کو اپنی مرضی سے ووٹ دینے سے روکا نہیں جا سکتا، عدالت الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 کالعدم قرار دے۔