بلاول بھٹو وزیراعظم بن گیا تو پہلا ایجنڈا عوام کی خدمت ہوگا: آصفہ بھٹو

Published On 17 January,2024 07:42 pm

ٹنڈوالہیار: (دنیا نیوز) آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیراعظم بن گیا تو پہلا ایجنڈا عوام کی خدمت کرنا ہوگا۔

آصفہ بھٹو زرادری نے رضوی ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پتہ ہے شہید بینظیر بھٹو خواتین کے حقوق کے لئے لڑتی تھی، مگر پھر شہید بی بی ہم سے چھین لی گئی، آصف زرادری نے بی آئی ایس پی کارڈ سے خواتین کو حق دلوایا، مجھے یاد ہے بی آئی ایس پی کے تحت کئی خواتین نے بچوں کو پڑھایا اور وہ اب خود مختار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دوسری سیاسی جماعتیں عوام کو غریب کرنے کے در پر ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی نے عوام کی خدمت کی، بلاول بھٹو زرداری واحد سیاست دان ہے جو عوام کی حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ آٹھ فروری کو تیر پر مہر لگا کر بلاول بھٹو کو موقع دیں تاکہ وہ آپ کے حقوق کے لئے لڑ سکے، ووٹ کی طاقت بہت بڑی طاقت ہے، پاکستان کو ذوالفقارعلی بھٹو نے ایٹم کی طاقت دی، آٹھ فروری کو صرف تیر کو ووٹ دینا ہے، جیت عوام کی ہوگی۔