لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ ارفع کریم نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم کی بیٹی ارفع کریم آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے، ارفع کریم نے کم عمری میں ملک وقوم کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کیا۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی اس ہونہار بیٹی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں جو دیا جلایا وہ ہمیشہ روشن رہے گا، مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ آئی ٹی پروفیشنل ارفع کریم نئی نسل کیلئے عزم وہمت کی علامت ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ارفع کریم نے کم عمری میں اپنی خداداد صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کو باور کرایا کہ پاکستانی بچے و بچیاں سائنس وٹیکنالوجی کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔
نگران وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام کو ریلیف اور اچھی خدمات کی فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کر رہے ہیں، ارفع کریم ایک مشن کا نام ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیادہ استعمال سے منسلک ہے۔