لاہور: (دنیا نیوز) ایپلٹ ٹریبونل لاہور ہائیکورٹ نے پرویز الہٰی، مونس الہٰی اور قیصرہ الہٰی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ایپلٹ ٹریبونل جج جسٹس احمد ندیم ارشد نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔
اپیلوں میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ امیدواران نے این اے 64، 69 گجرات، پی پی 32،34 گجرات سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
دوران سماعت مونس الہٰی کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ سپین میں پاکستانی ایمبیسی نے مونس کے ساتھ تعاون نہیں کیا، مونس الہٰی کے کاغذات نامزدگی ایک دوست کے ذریعے دستخط کر کے پاکستان بھجوائے گئے۔
وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ مونس الہٰی عدالت سے اشتہاری ہیں جسے کاغذات نامزدگی میں چھپایا گیا۔
اس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ تمام اعتراضات پٹیشن کے ہیں، ٹریبونل کے سامنے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ایشو ہے، آر او نے بغیر کسی قانونی وجہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ ٹریبونل آر او کی جانب سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔
بعدازاں ایپلٹ ٹریبونل نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی، ان کی اہلیہ قیصرہ الہٰی اور سابق وفاقی وزیر مونس الہٰی کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔